ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صحافی لاک ڈاؤن میں بہت سے زیادہ متاثر ہوئے

صحافی لاک ڈاؤن میں بہت سے زیادہ متاثر ہوئے

Sun, 04 Jul 2021 12:36:14    S.O. News Service

ممبئی، 4؍ جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مختلف زبان و میڈیا کے صحافیوں پر مشتمل پتر کار ویکاس فاؤنڈیشن کےایک وفد نے مہاراشٹر کے گورنر شری بھگت سنگھ کوشیاری سے راج بھون میں ملاقات کی اور صحافیوں کے مسائل پر مبنی ایک محضر نامہ پیش کیا۔ گورنر موصوف نے اسے پڑھا او ربڑی ہی بے تکلفی کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کی ۔

گورنر کوشیاری نے بتایا کہ انہوں نےاردو سیکھی ہے، پڑھ بھی لیتےہیں ، بڑی میٹھی زبان ہے اس کے اشعار بہت بڑی داستان ایک سطر میں بیان کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل یقیناً سنگین ہیں مگر جن کی ذمہ داری ہے وہ توجہ نہیں دیتے۔اس موقع پر سرفراز آرزو( مالک و مدیر روزنامہ ہندوستان) نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل تو بہت ہیں لیکن صحافی جو دنیاکے مسائل اٹھاتا ہے ان کے بارے میں لکھتا ہے خوداپنے مسائل بیان نہیں کر پاتا ہے اور نہ لکھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں سب سے زیادہ متاثر صحافی ہی ہوئے ہیں جو فیلڈ میں نہیں جا سکے گھر پر رہے انہیں ملازمت سے ہی ہٹا دیا گیا اورجو جان جوکھم میں ڈال کر دفتر جاتے رہے انکی کوئی پرواہ نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے اہم مسئلہ رہائش کا ہے جسے آپ اپنے خصوصی اختیارات سے حل کر سکتے ہیں، اسی طرح تحفظ کا اور لوکل ٹرین میں سفر کا مسئلہ بھی سنگین ہے جو حل طلب ہے کیونکہ صحافی کو کبھی بھی کہیں بھی ارجنٹ پہنچنا رہتا ہے۔ اس کے لئے لوکل ٹرین ہی مناسب ہے مگر اس میں سفر کی اجازت نہیں ہے اس لئے وزارت ریلوے سے اس معاملے کو اٹھا کر اوراپنے اختیارات کا استعمال کر کے صحافیوں کو لوکل ٹرین میں سفر کرنے کی اجازت دلائیں۔اس کے علاوہ فاروق انصاری ( مدیر روزنامہ اردو ٹائمز) نے کہا کہ انہوں نے اب تک سات گورنر اسی راج بھون میں دیکھے ہیں اور ان سے ملےبھی ہیں لیکن آپ پہلے گورنر ہیں جو اتنا کھل کر بے تکلفی سے بات کر رہے ہیں ورنہ گورنر جس پروٹوکول کے پابند رہتے ہیں اس میں ایسی بے تکلفی نہیں ہوتی ۔گورنر موصوف نے کہا کہ میرا مزاج ہےکہ ’میں خوش دلی سے ملتا ہوں اور لوگ خوش ہو کر ہی جاتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ سرکار کے پاس صحافیوں کی سفارش بھیجیں گے۔وی ٹی وی بھارت کےشاہد انصاری نے وفد کے صحافیوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے گورنر کو بتایا کہ پرنٹ میڈیا، الکٹرانک میڈیا سمیت تمام صحافیوں کو کورونا کی وبا کے دوران بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ،بہت سارے صحافی حضرات اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اس لئے صحافیوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

فاونڈیشن کے صدرمحمد یوسف رانا نے پرنٹ ،الکٹرانک اور شوسل میڈیا کے صحافیوں کو در پیش مسائل کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران ڈاکٹرس،پولس اہلکار، طبی ملازمین کے ساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی اپنی بیش بہا خدمات پیش کیں ہیں اس لئے انہیں ’’ انتہائی ضروری خدمات‘‘ کے زمرے میں شامل کرکے ریلوے میں سہولیات دی جائیں اورکورنا سے متاثر صحافیوں کو اسپتال میں دوران علاج جو اخراجات ہوئے ہیں دیا جائے نیز جن صحافیوں کی کورونا کی وجہ سے موت واقع ہوگئی ہیں انہیں معقول مدد دی جائے۔گورنر موصوف نے وفد میں شامل حاضرین کی باتوں کو مکمل طور پر سننے کے بعد آخر میں کہا کہ آپ لوگ آتے رہیئے، فالو اپ کرتے رہیے،پھر کوئی اچھا راستہ بھی نکل آئے گا۔اس وفد میں پترکار وکاس فاونڈیشن کے فاروق انصاری(مدیر اردو ٹائمز)، سرفراز آرزو(روزنامہ ہندستان)، کنٹینٹ ایڈیٹر شاہد انصاری(ای ٹی وی بھارت)،محمد یوسف رانا(اردو ٹائمز)،فتح محمد خان (مدیر انڈین اسپیچ) وغیرہ شامل تھے۔


Share: